01:39 , 5 مئی 2026
Watch Live

اے گول ٹو ڈریم فٹبال فیسٹیول 2026، اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

اسلام آباد، پاکستان — پی پی جی اسپورٹس اور اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن (IFA) کے اشتراک سے منعقد ہونے والا تین روزہ فٹبال فیسٹیول “اے گول ٹو ڈریم فٹبال فیسٹیول 2026” اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں ملک بھر سے نوجوان خواتین فٹبالرز نے بھرپور شرکت کی۔

ایونٹ کے آغاز میں خواتین ریفریز کی خصوصی ورکشاپ بھی منعقد کی گئی، جس کا مقصد خواتین آفیشلز کی تربیت اور فٹبال میں ان کے کردار کو مضبوط بنانا تھا۔ یہ اقدام خواتین کی کھیلوں میں قیادت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

فیسٹیول میں یاسین ویلی گلگت بلتستان اور لیہ سمیت مختلف علاقوں کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ راولپنڈی اور اسلام آباد کی مقامی ٹیموں نے بھی شرکت کی۔ ایونٹ کا بنیادی مقصد ابھرتی ہوئی خواتین فٹبالرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا اور پاکستان میں ویمنز فٹبال کو فروغ دینا تھا۔

فیسٹیول کے دوران کھلاڑیوں کو ایک خصوصی ڈبل ڈیکر بس کے ذریعے اسلام آباد کا سیر و تفریحی دورہ بھی کروایا گیا، جس نے ان کے لیے اسپورٹس کے ساتھ ساتھ ایک یادگار تعلیمی اور تفریحی تجربہ فراہم کیا۔

پی پی جی اسپورٹس کے صدر یاسر رحمان نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف کھیلوں کی ترقی کا باعث بنتے ہیں بلکہ نوجوان لڑکیوں کو اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کا حوصلہ بھی دیتے ہیں۔ چیئرمین پی پی جی اسپورٹس مہر نوید احمد نے کہا کہ “اے گول ٹو ڈریم” صرف ایک فٹبال فیسٹیول نہیں بلکہ ان لڑکیوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی ایک کوشش ہے، اور ہم مستقبل میں بھی ایسے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔

یہ ایونٹ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ریجنل ڈیولپمنٹ آفیسر شوکت علی خان کی نگرانی میں منعقد ہوا، جنہوں نے گراس روٹ لیول پر ایسے اقدامات کو ملک میں فٹبال کے مستقبل کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

چیف گیسٹ آغا جرار نے خواتین کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی شرکت کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ ریحان احمد نے کہا کہ ایسوسی ایشن خواتین فٹبال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، جبکہ جنرل سیکریٹری زمان خان نے اس فیسٹیول کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع قرار دیا۔

پی ایس بی فٹبال کوچ اور سابق انٹرنیشنل فٹبالر اسد علی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں نمایاں ٹیلنٹ موجود ہے جو مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کر سکتا ہے۔

اختتامی تقریب میں مہمانوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ شرکاء نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول ان کے لیے صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ اسلام آباد آنے، شہر دیکھنے اور بڑے اسٹیج پر کھیلنے کا خواب پورا ہونے کے مترادف تھا۔

ایونٹ کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ ریفریز اور انتظامی عملہ مکمل طور پر خواتین پر مشتمل تھا، جو خواتین کی قیادت اور صلاحیتوں کی بہترین مثال ہے۔

فیسٹیول کی کامیاب تکمیل پاکستان میں خواتین فٹبال کے فروغ اور نئی نسل کو متاثر کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION